ویب ڈیسک: سابق رکن قومی اسمبلی، مبلغ و اینکر مرحوم عامر لیاقت نے اپنی زندگی میں اہم پیش گوئی کی تھی جو ان کی موت کے بعد حرف بہ حرف سچ ثابت ہوئی۔
نجی فلاحی ادارے چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بانی و معروف سماجی کارکن رمضان چھیپا نے مرحوم عامر لیاقت کی ایک یادگار ویڈیو شیئر کی۔
رمضان چھیپا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عامر لیاقت کی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں موت کے بعد کا احوال سناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
عامر لیاقت ویڈیو میں ایک پروگرام کی میزبانی کرتے ہوئے چھیپا ویلفیئر کے سرد خانے کا دورہ کرتے ہوئے نظر آئے۔
اس دوران انہوں نے غسل کے لیے میت کو رکھنے کی جگہ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، سب کو اسی جگہ پر لیٹنا، ہم سب کو ایک دن اس جگہ پر آ کر لیٹنا ہے۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'آج ہم زندہ ہیں تو بتا رہے ہیں، کل ہم زندہ نہ ہو تو لوگ یہ بات یاد کریں گے اور یہ کلپ چل رہا ہو تو آپ بولیں گے کہ کبھی ڈاکٹر عامر لیاقت نے بتایا تھا کہ جب وہ اس دنیا سے چلے جائیں گے تو وہ یہاں آ کر لیٹیں گے اور غٖسل دیا جائے گا۔
اسی ویڈیو میں عامر لیاقت کی وفات کے بعد ان کی میت کو غسل کے لیے اسی چھیپا سرد خانے لانے کے مناظر بھی شامل ہیں، گویا ان کا کہا حرف بہ حرف سچ ہوگیا۔
مذکورہ ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں سوشل میڈیا صارفین عامر لیاقت کو یاد کرتے اور ان کے لیے دعائے مغفرت کرتے نظر آئے۔
یاد رہے کہ محفلوں کی جان سمجھے جانے والے اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت 9 جون 2022 کو تنہائی کے عالم میں وفات پا گئے تھے۔