ویب ڈیسک: مئی 2026 پاکستانی شہریوں کے لیے تعطیلات سے بھرپور مہینہ ثابت ہو سکتا ہے، جہاں مختلف سرکاری و ہفتہ وار چھٹیوں کے ساتھ یومِ تکبیر اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات کو ملا کر مجموعی طور پر 14 سے 15 دن تک چھٹیاں ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اگر حکومت کی جانب سے کوئی اضافی چھٹی دی گئی تو یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
مہینے کا آغاز ہی طویل تعطیلات سے ہوگا کیونکہ یومِ مزدور یکم مئی کو جمعہ کے روز آ رہا ہے، جس کے ساتھ 2 اور 3 مئی (ہفتہ اور اتوار) کی ہفتہ وار تعطیلات شامل ہو کر مسلسل تین دن کی چھٹیاں فراہم کریں گی۔
مہینے کے آخر میں عیدالاضحیٰ کے باعث مزید تعطیلات متوقع ہیں، تاہم حتمی تاریخوں کا انحصار ذوالحج کے چاند کی رویت پر ہوگا۔
اگر 17 مئی کو چاند نظر آ گیا تو عیدالاضحیٰ 27 سے 29 مئی کے درمیان ہونے کا امکان ہے، جس کے ساتھ ہفتہ وار تعطیلات مل کر پانچ روزہ وقفہ بن سکتا ہے۔
تاہم اگر 17 مئی کو چاند نظر نہ آیا اور مہینے کے 30 دن مکمل ہوئے تو عیدالاضحیٰ 28 سے 30 مئی کے دوران منائی جا سکتی ہے، جس صورت میں اتوار 31 مئی کی چھٹی بھی اس سلسلے میں شامل ہو جائے گی۔
مزید برآں، اگر حکومت پیر 25 مئی کو اضافی تعطیل کا اعلان کرتی ہے تو یہ 23 اور 24 مئی کی ہفتہ وار چھٹیوں کے ساتھ مل کر ایک طویل تعطیلاتی سلسلہ تشکیل دے سکتی ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کے مطابق ذوالحج کے چاند کی رویت کے لیے کمیٹی کا اجلاس 17 مئی کو طلب کیا گیا ہے، جس کے بعد عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔