ویب ڈیسک: پاکستانی طلباء کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ وہ صرف 24 گھنٹوں میں اپنی تعلیمی اسناد کی آن لائن تصدیق کر سکیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کسٹمر کیئر ڈیسک (سی سی ڈی) پورٹل کا افتتاح کر دیا۔ اس کا بنیادی مقصد طلباء کو تعلیمی اسناد اور دیگر خدمات کی آن لائن تصدیق فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو تعلیمی خدمات کو ڈیجیٹائز کرنے اور بیوروکریسی کے عمل کو طلباء کیلئے مزید قابل رسائی اور شفاف بنانے کی جانب ایک قدم قرار دیا۔
خیال رہے کہ نئے متعارف کرائے گئے سی سی ڈی پورٹل کو انٹر بورڈ کمیٹی کے چیئرمین نے ڈیزائن کیا ہے۔ اس سے ملک بھر کے طلباء آن لائن کسٹمر سپورٹ سسٹم کے ذریعے اپنی تعلیمی اسناد کی تصدیق کر سکیں گے۔
اس حوالے سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام علی نوال نے کہا کہ طلباء اب کیو آر کوڈ پر مبنی نظام کے تحت اپنی تعلیمی اسناد کی تصدیق کا عمل دیکھ سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس پورٹل کا پہلے 6 ماہ تک تجربہ کیا گیا جس کے بعد اب اسے عوام کیلئے متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء اور دنیا کے کسی بھی حصے میں رہنے والے ان کے والدین بھی اس سروس سے مستفید ہو سکیں گے۔ اس کیلئے انہیں کسٹمر کیئر ڈیسک پر ای میل کرنا ہوگی، جس کا جواب 24 گھنٹے میں دیا جائے گا۔ یہ ان لوگوں کیلئے بہترین سہولت ہے جو ذاتی طور پر نہیں آ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں رہنے والے طلباء اب کسی بھی وقت پورٹل کے ذریعے اپنی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے ساتھ کوئی بھی شکایت یا درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔