پنجاب میں سیلاب کے ساتھ مزید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری

پنجاب میں سیلاب کے ساتھ مزید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری
کیپشن: پنجاب میں سیلاب کے ساتھ مزید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری

ویب ڈیسک: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں سیلاب کے ساتھ بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ 

ترجمان پی ڈی ایم اے نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے مون سون کے 9ویں اسپیل کے کل سے آغاز کی پیشگوئی کردی ہے۔ جس کے دوران پنچاب کے بیشتر اضلاع میں 2 ستمبر تک طوفانی بارشیں ہونے کاامکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 

راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرانولہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی۔

نبیل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں شدید سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔ تمام ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران فیلڈ میں موجود رہیں۔ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو اسٹاک کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں کے اطراف اکٹھے ہونے اور سیرو تفریح سے گریز کریں۔ آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

Watch Live Public News