ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حالیہ سیلابی صورتحال کے دوران انتظامیہ نے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور انتظامی غفلت کی وجہ سے کسی کی جان ضائع نہیں ہوئی۔
شاہدرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تین بڑے دریا اس وقت شدید دباؤ میں ہیں اور ان میں گنجائش سے کہیں زیادہ پانی آیا ہے جس کی توقع نہیں کی جا رہی تھی۔
مریم نواز نے بتایا کہ انتظامیہ نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے 50 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کرے گی اور ان لوگوں کو متبادل انتظامات فراہم کیے جائیں گے جنہوں نے آبی گزرگاہوں میں رہائش اختیار کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے گھروں کو ہٹانا ناگزیر ہے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال میں جانی نقصان نہ ہو۔
وزیر اعلیٰ نے صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نارووال مکمل طور پر زیر آب ہے جبکہ گجرات اور سیالکوٹ میں بھی حالات تشویشناک ہیں۔ تاہم انتظامیہ، سول ڈیفنس اور ریسکیو اداروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے جنہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر متاثرین کی مدد کی۔ مریم نواز نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو ان کی خدمات پر شاباش دی۔
مزید گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دریائے راوی میں انہوں نے اتنا زیادہ پانی اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ دیکھا ہے۔ ان کے مطابق پانی اللہ کی عظیم نعمت ہے اور ہمیں اس کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے فوری طور پر واٹر اسٹوریج اور ڈیمز تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔
مریم نواز نے ہدایت دی کہ تمام متعلقہ ادارے ایک جامع پروگرام تیار کریں جس کے تحت بارش اور سیلابی پانی کو ہارویسٹ کر کے محفوظ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر ناگزیر ہے کیونکہ مستقبل میں یہی اقدامات ہمیں موسمیاتی چیلنجز کا سامنا کرنے میں مدد دیں گے۔