(ویب ڈیسک ) کوٹ رادھا کشن میں 30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل موضع رتی پنڈی کے رہائشی دو بھائی، 22 سالہ واجد اور 25 سالہ راشد، ایک ریڑھی والے سے 30 روپے کے لین دین پر جھگڑے کا شکار ہوگئے تھے۔ جھگڑے کے بعد ریڑھی بان تیمور اور اویس نے دیگر پانچ نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر دونوں بھائیوں کو ڈنڈوں سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں واجد موقع پر جاں بحق جبکہ راشد اسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق اس کیس میں گرفتار2 ملزمان، اویس اور شہزاد، اس وقت ہلاک ہوگئے جب پولیس انہیں نشاندہی کے لیے رائیونڈ لے جا رہی تھی۔ راستے میں ملزمان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑوانے کی کوشش میں پولیس پر فائرنگ کر دی، تاہم گولیاں خود ان ہی کے ساتھیوں کو لگ گئیں جس سے دونوں ہلاک ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات مزید تیز کر دی ہیں جبکہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔