ایرانی خاتون کا لرزہ خیز اقدام، 11 شوہر قتل کر دیے

ایرانی خاتون کا لرزہ خیز اقدام، 11 شوہر قتل کر دیے

ویب ڈیسک: ایران میں 56 سالہ کلثوم اکبری نامی خاتون پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ 22 سال کے دوران اپنے 11 شوہروں کو زہر دے کر قتل کیا تاہم وہ خود اس تعداد سے لاعلم نظر آتی ہیں۔

دوران تفتیش انہوں نے حیران کن انداز میں کہا کہ ’جھے یاد نہیں کتنے لوگوں کو مارا، شاید 13 یا 15 ہوں‘۔

ایرانی میڈیا کے مطابق کلثوم اکبری پر الزام ہے کہ وہ عمر رسیدہ اور تنہا مردوں سے شادی کرتی تھیں اور کچھ ہی عرصے بعد انہیں زہریلی ادویات، نشہ آور گولیاں، ذیابیطس کی دوائیں، صنعتی الکحل کھلا کر یا تکیے سے دم گھوٹ کر جان سے مار دیتی تھیں۔

یہ وارداتیں مختلف شہروں میں کی گئیں تاکہ کسی ایک جگہ شک نہ ہو۔ مردوں کی موت کو عموماً ان کی عمر یا بیماری کی وجہ سے قدرتی سمجھا جاتا رہا۔

قتل کا یہ سلسلہ مہم سال سنہ 2000 میں شروع ہوا اور سنہ 2023 میں اس وقت منظرِ عام پر آیا جب کلثوم کے آخری شوہر 82 سالہ غلام رضا بابائی کی موت کے بعد ان کے بیٹے کو شک ہوا۔

ایک دوست نے بتایا کہ اس کی اپنی والدہ کو بھی کبھی ایک عورت نے زہر دینے کی کوشش کی تھی اور جب بیٹے نے کلثوم کو دیکھا تو وہ وہی خاتون نکلیں۔

پولیس تفتیش کے بعد کلثوم نے اعتراف جرم کر لیا اگرچہ اب بھی وہ ہر بار مختلف تعداد بتاتی ہیں۔ مقتولین میں سے کچھ لوگوں کے نام معلوم ہوئے ہیں۔ میر احمد عمرانی (69 سال) شادی کے ایک ماہ بعد مارے گئے، اسماعیل بخشی (62) 2 ماہ بعد قتل کیے گئے، گنج علی حمزائی (83) شادی کے 43 دن بعد ماردیے گئے۔

ایک شوہر مسیح نعمتی زہر سے بچ نکلے تھے مگر پولیس کو اطلاع دینے کی بجائے انہوں نے صرف خاتون کو گھر سے نکال دیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق ملزمہ نے شادی کے ذریعے ملنے والی جائیداد، رقم اور زیورات کے لیے قتل کیے اور زیادہ تر مال اپنی بیٹی کے نام پر منتقل کیا۔

Watch Live Public News