ویب ڈیسک: لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز خراب موسم اور کم روشنی کے باعث صرف 56 اوورز کا کھیل ہوسکا، جس کے اختتام پر انگلینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنالیے۔
لارڈز میں بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد عباس نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کے ابتدائی تین اہم بلے بازوں بین ڈکیٹ، ایمیلو گے اور جو روٹ کو مجموعی اسکور 36 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ ہیری بروک 15 رنز بناکر محمد علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، جس کے بعد جارڈن کاکس اور ڈین لارنس نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کا اسکور 120 رنز تک پہنچایا۔
ڈین لارنس 17 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ جارڈن کاکس اور جیمی اسمتھ نے 67 رنز کی شراکت قائم کی۔ کاکس 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کا سلپ میں سلمان علی آغا نے شاندار کیچ لیا۔ جیمی اسمتھ نے 61 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
خراب روشنی کے باعث پہلے دن کا کھیل ختم کیے جانے کے وقت انگلینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنالیے تھے۔ گس ایٹکنسن 34 جبکہ جوش ٹنگ ایک رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد علی نے 3 جبکہ خرم شہزاد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔