ویب ڈیسک: مشہور فرنچائز ’ٹرانسفارمرز‘ کے مقبول کردار آپٹیمس پرائم کو اپنی آواز دینے والے معروف کینیڈین وائس ایکٹر پیٹر کولن 85 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پیٹر کولن کے ایجنٹ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بدھ کے روز لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کرگئے۔ ان کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔ پیٹر کولن کے اہل خانہ کے مطابق وہ اپنے پیاروں کی موجودگی میں پُرسکون انداز میں دنیا سے رخصت ہوئے۔
پیٹر کولن نے 1984 کی ’ٹرانسفارمرز‘ اینیمیٹڈ سیریز میں پہلی بار آپٹیمس پرائم کے کردار کو اپنی گہری اور باوقار آواز دی، جو بعد میں اس کردار کی شناخت بن گئی۔ انہوں نے بعد کے کئی ’ٹرانسفارمرز‘ منصوبوں، بشمول ہالی ووڈ کی لائیو ایکشن فلموں، میں بھی آپٹیمس پرائم کو آواز دی۔
آپٹیمس پرائم کے علاوہ پیٹر کولن ’وِنی دی پوہ‘ فرنچائز کے معروف کردار ایئور (Eeyore) کی آواز کے لیے بھی مشہور تھے۔ کئی دہائیوں پر محیط کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد ٹی وی سیریز، فلموں اور ویڈیو گیمز میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔
پیٹر کولن کو 2023 میں وائس ایکٹنگ کے شعبے میں زندگی بھر کی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔