ویب ڈیسک: بیرسٹر افتخار گیلانی نے آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم کا حلف اٹھا لیا۔ قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی سے حلف لیا۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے ایوان صدر مظفرآباد میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو 30 ووٹ دے کر وزیراعظم منتخب کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار احمد عباسی نے 14 ووٹ حاصل کیے۔ وزیراعظم کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 44 ووٹ ڈالے گئے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 46 ارکان میں سے دو ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی نے پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار احمد عباسی کو شکست دی۔ بیرسٹر افتخار گیلانی ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
بیرسٹر افتخار گیلانی اس سے قبل آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم بھی رہ چکے ہیں۔ بیرسٹر افتخار گیلانی پہلی بار 2011 میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ بیرسٹر افتخار گیلانی کی کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن تقریباً ایک دہائی بعد آزاد کشمیر میں دوبارہ حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی۔
ایوان صدر مظفرآباد میں نومنتخب وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ حلف برداری کی تقریب میں 300 مہمانوں کے لیے دعوتی کارڈ جاری کیے گئے۔ حلف برداری کے بعد بیرسٹر افتخار گیلانی باقاعدہ طور پر آزاد کشمیر کے انتظامی امور سنبھالیں گے۔