رمیز راجہ کے نجم سیٹھی پر الزامات ، پی سی بی کی تردید

رمیز راجہ کے نجم سیٹھی پر الزامات ، پی سی بی کی تردید
لاہور: سابق چیئرمین رمیز راجہ کے بیان پر پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے ردعمل دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے سابق چیئرمین رمیز راجہ کی جانب سے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تردید کردی ہے۔ رمیز راجہ کی جانب سے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کے خلاف بیانات پر مایوسی کا اظہار کیا گیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ان بیانات کا مقصد موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے، اپنے چیئرمین اور ادارے کی ساکھ کے دفاع اور تحفظ کے لیے قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق سابق چیئرمین رمیز راجہ کا اپنے اور موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کے سابقہ دور کے اخراجات کے بارے میں موازنہ گمراہ کن اور غلط ہے، یو اے ای کے متعدد دوروں کے باوجود نجم سیٹھی نے کبھی بھی پی ایس ایل الاونس وصول نہیں کیا۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کو گاڑی کا الاؤنس بھی بورڈ آف گورنر کی منظوری کے مطابق ادا کیا گیا تھا، اس کے برعکس، سابق چیئرمین رمیز راجہ کو ایک نئی گاڑی فراہم کی گئی جس کی مالیت ایک کروڑ 65 لاکھ روپے تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید کہا ہے کہ موجودہ چیئرمین کے تمام سفری اخراجات متعلقہ حکام کی منظوری سے کیے جاتے تھے جس کا باقاعدہ (اندرونی اور بیرونی طور پر) آڈٹ کیا گیا تھا، نجم سیٹھی صوبہ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ تھے، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے انہیں باقاعدہ ایڈوائزری جاری کی گئی تھی، لہٰذا ان کے سیکورٹی اخراجات زیادہ تھے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔