ویب ڈیسک: ملکہ کوہسار مری میں ایک مرتبہ پھر برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
تفصیلا ت کے مطابق برفباری کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہونے کے بعد ویک اینڈ پر سیاحوں کی غیر معمولی تعداد نے ملکہ کوہسار مری کا رخ کر لیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش کے بعد سردی میں اضافہ اور فضائی آلودگی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ اور ظفروال سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، ادھر وادی نیلم میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی جبکہ وادی گریس اور شونٹھر سمیت بالائی علاقوں میں دریا، ندی نالے اور چشمے جم گئے۔
مزید برآں بلوچستان کے شمالی علاقوں میں شدید سردی ہے جبکہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد ہے۔
اوسی شگر سمیت بلتستان بھر میں موسم سرما کی سیزن کی دوسری برف باری شروع ہوگیا جنت نظیر وادی شگر نے برف کے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کاکہنا ہے کہ صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے،مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہے گا،سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، جہلم، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور ساہیوال میں درمیانی سے شدید دھند کی توقع ہے۔سرگودھا، خوشاب، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، جھنگ، بھکر اور لیہ میں دھند کا راج برقرار رہے گا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہےکہ ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور ڈی جی خان میں شدید دھند چھائی رہنے کی توقع ہے،سیالکوٹ اور نارووال میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے اور اتوار کو صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے اور خطہ پوٹھوہار کے چند مقامات پر صبح کے وقت کہرا پڑنے کا امکان ہے۔