معروف ماڈل واداکارہ مہربانو نے طلاق کی تصدیق کردی

معروف ماڈل واداکارہ مہربانو نے طلاق کی تصدیق کردی
کیپشن: معروف ماڈل واداکارہ مہربانو نے طلاق کی تصدیق کردی

ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ مہربانو نے اپنی ازدواجی حیثیت سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر آخرکار وضاحت کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس وقت شادی شدہ نہیں ہیں۔

مہربانو اور شاہ رخ کاظم علی کی شادی سال 2022 میں ہوئی تھی۔ مہربانو ایک باصلاحیت اور بے باک پاکستانی اداکارہ کے طور پر جانی جاتی ہیں، جو ڈراموں اور فلموں میں جرات مندانہ کرداروں کی بدولت اپنی الگ شناخت رکھتی ہیں۔

اداکارہ نے یہ انکشاف انسٹاگرام پر منعقدہ سوال و جواب (Q&A) سیشن کے دوران کیا، جہاں ایک مداح نے ان سے براہِ راست سوال کیا کہ کیا وہ شادی شدہ ہیں؟ اس پر مہربانو نے مختصر اور واضح انداز میں جواب دیا: ’’نہیں‘‘۔

ان کے اس دو ٹوک جواب کے بعد گزشتہ کئی ماہ سے سوشل میڈیا اور مداحوں کے حلقوں میں زیرِ گردش قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا۔

واضح رہے کہ ستمبر 2025 میں مہربانو کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ان کے شوہر شاہ رخ کاظم علی کے ساتھ موجود تمام تصاویر اچانک غائب ہو گئی تھیں، حتیٰ کہ شادی کی تصاویر بھی پروفائل سے ہٹا دی گئی تھیں، جس پر مداحوں نے مختلف قیاس آرائیاں شروع کر دی تھیں۔

سوشل میڈیا پر متحرک اور اظہارِ خیال میں کھری مہربانو کی جانب سے اس معاملے پر طویل خاموشی نے طلاق یا علیحدگی سے متعلق افواہوں کو مزید ہوا دی تھی، تاہم اب اداکارہ کی وضاحت نے صورتحال کو واضح کر دیا ہے۔

Watch Live Public News