نیوایئرنائٹ:امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پنجاب پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار

نیوایئرنائٹ:امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پنجاب پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار
کیپشن: نیوایئرنائٹ:امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پنجاب پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار

ویب ڈیسک: نیو ایئر نائٹ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پنجاب پولیس نے سخت سیکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پنجاب پولیس کے مطابق نیو ایئر نائٹ کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ نیو ایئر نائٹ پر پورے صوبے میں 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ صرف لاہور میں پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سرگرمیوں کی نگرانی کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو ہائی الرٹ رہنے اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے واضح کیا ہے کہ نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہلڑ بازی، خواتین اور شہریوں کو ہراساں کرنے میں ملوث شرپسند عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے حوالات میں بند کیا جائے گا۔

انہوں نے نیو ایئر نائٹ کے دوران ٹریفک کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ڈولفن اسکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس اور پی ایچ پی ٹیموں کو سڑکوں اور شاہراہوں پر پٹرولنگ مزید بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور سمیت تمام شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Watch Live Public News