ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ یکم جنوری سے اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے سیف سٹی ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کہی، جہاں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد میں سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کیپٹل اسمارٹ سٹی منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل اسمارٹ سٹی بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے اسلام آباد سیف سٹی کو کیپٹل اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا جامع منصوبہ بھی طلب کر لیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری نے سیف سٹی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔ محسن نقوی نے ڈیجیٹل وال پر اسلام آباد شہر کے مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے امن و امان برقرار رکھنے کے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔
وزیر داخلہ نے کنٹرول روم میں قائم اسپیشل چائنیز ڈیسک کا بھی معائنہ کیا اور سیکیورٹی سرویلنس کے نظام پر بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔