ویب ڈیسک: پاسپورٹ بنوانے کے خواہش مند شہریوں کے لیے بڑی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے تحت آن لائن پاسپورٹ درخواست گزاروں کے لیے فنگر پرنٹس ویریفکیشن کا نیا اور جدید نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آن لائن درخواست دینے والے شہریوں کو فنگر پرنٹس کی تصدیق میں مشکلات کا سامنا تھا، جس کے پیشِ نظر نادرا کے تعاون سے پاک آئی ڈی ایپ پر فنگر پرنٹس ویریفکیشن کا مؤثر نظام متعارف کروایا گیا ہے۔
اس نئے نظام کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے ہی آن لائن پاسپورٹ درخواست کے لیے اپنے فنگر پرنٹس کی تصدیق کروا سکیں گے، جس سے پاسپورٹ دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
نئے طریقۂ کار کے تحت فنگر پرنٹس کی تصدیق پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے براہِ راست نادرا کے ڈیٹا سے کی جائے گی، جس سے عمل مزید محفوظ اور قابلِ اعتماد ہو جائے گا۔
حکام کے مطابق اس سہولت کے آغاز سے آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کی پراسیسنگ میں تیزی اور شفافیت آئے گی، جبکہ شہریوں کا وقت اور اخراجات بھی نمایاں طور پر کم ہوں گے۔