(ویب ڈیسک ) بھارت میں 2 بہنوں نے پالتو کتے کے بیمار ہونے پر خودکشی کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست کے شہر لکھنو کے علاقے ڈوڈا کھیڑا جلال پور میں پیش آیا ۔ 2 بہنوں 26 سالہ رادھا سنگھ اور 22 سالہ جیا سنگھ نے 1 کتے کو پال رکھا تھا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں اسپتال سے معلومات ملی کہ 2 بہنوں نےمبینہ طور پرفینائل پی کر خودکشی کر لی ہے، پولیس نے اطلاع ملتے ہی تحقیقات کا آغاز کردیا اور گھر والوں سے تفتیش کی۔
پولیس نے بتایا کہ تفتیش کے دوران گھر والوں سے معلوم ہوا کہ دونوں بہنوں نے حال ہی میں ایک کتے کو گود لیا تھا اور دونوں کو کتے سے بے حد پیار کرتی تھی ،دونوں کتے کی دیکھ بھال بھی کرتی تھیں۔
گھر والوں نے پولیس کو بتایا کہ دونوں بہنیں ذہنی تناؤ کا شکار تھیں، ایک بہن کو ٹی بی کی بیماری کی وجہ سے ڈپریشن ہوا تو دوسری بہن 2014 سے ذہنی تناؤ میں مبتلا تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں بہنوں کا کتا ایک ماہ سے بیمار تھا جس کی وجہ سے دونوں کا ڈپریشن مزید بڑھ گیا اور انہوں انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بہنوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے جبکہ کیس سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔