(ویب ڈیسک ) لاہور پولیس کی بہادر اے ایس پی شہربانو کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، آرمی چیف نے مشتعل ہجوم سے خاتون کو بچانے کی تعریف کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سیدہ شہربانو نقوی کی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ASP شہربانو کی ڈیوٹی کے دوران بے لوث لگن اور ایک غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ پیش کرنے پر تعریف کی۔
نڈر آفیسر شہربانو نقوی نے 26 فروری 2024 کو لاہور کے اچھرہ بازار کے مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکالا تھا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں،آ زادی کے بعد سے، پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت، استقامت اور عزم کی وجہ سے اندرون و بیرونِ ملک خود کو ممتاز کیا ہے۔
آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ خواتین پاکستانی معاشرے کا ایک انمول حصہ ہیں اور ان کا احترام ہمارے مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے۔ آرمی چیف نے سماجی ہم آہنگی کی اہمیت اور عدم برداشت کو روکنے کے لیے ملک گیر اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
جنرل سید عاصم منیر نے قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں۔
آرمی چیف نے اسلام کے حسن سلوک اور احسان کے ابدی پیغام پر بھی روشنی ڈالی،انہوں نے پاکستان کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔