اوپن اے آئی نے اپناسب سے طاقتور اے آئی ماڈل جی پی ٹی 4.5  متعارف کرادیا

اوپن اے آئی نے اپناسب سے طاقتور اے آئی ماڈل جی پی ٹی 4.5  متعارف کرادیا

(ویب ڈیسک )  اوپن اے آئی کی جانب سے  اپنا اب تک کا سب سے طاقتور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل جی پی ٹی 4.5 متعارف کرا دیا گیا ہے۔

اس نئے ماڈل کو ہر طرح کے کاموں میں مدد فراہم کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ نیا اے آئی ماڈل چیٹ جی پی ٹی پر دستیاب ہے مگر اسے استعمال کرنے کے لیے پرو سبسکرائبر بننا ہوگا  جس کی فیس ماہانہ 200 ڈالرز ہے۔

اس حوالے سے کمپنی کا کہنا ہے کہ  یہ نیا ماڈل ابھی ریسرچ پریویو کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے یعنی ابھی اس پر کام مکمل نہیں ہوا۔

کمپنی کو توقع ہے کہ   صارفین کی جانب سے نئے ماڈل میں موجود خامیوں یا بگ کو ڈھونڈنے میں مدد فراہم کی جائے گی۔

اوپن اے آئی کا دعویٰ ہے کہ  ابتدائی صارفین نے جی پی ٹی 4.5 کو زیادہ بہتر اور جذباتی ذہانت سے لیس قرار دیا ہے۔

جی پی ٹی 4.5 کو کسی انکوائری کے تناظر کو سمجھنے کے لیے ماضی کے ماڈلز سے زیادہ بہتر قرار دیا گیا ہے جو سماجی اشاروں کو بھی شناخت کرسکے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ   صارفین کو اس سے بات کرتے ہوئے محسوس ہوگا کہ وہ کسی حقیقی فرد سے بات کر رہے ہیں۔

اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ایکس  پر بیان میں  کہا کہ یہ پہلا اے آئی ماڈل ہے جسے استعمال کرتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ ہم کسی پرفکر فرد سے بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  بہت جلد جی پی ٹی 4.5 کو چیٹ جی پی ٹی پلس صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا۔

کمپنی نے اعتراف کیا کہ ابھی بھی اے آئی ماڈل خود سوچنے کی صلاحیت نہیں رکھتا مگر وہ اشاروں کو سمجھنے میں زیادہ بہتر ہوگا۔

Watch Live Public News