ویب ڈیسک: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کے خلاف اہم میچ سے قبل سری لنکا کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے، ٹیم کے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر کوشال مینڈس انجری کے باعث میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کوشال مینڈس ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہیں اور کم از کم ایک ماہ تک کرکٹ سے دور رہیں گے۔ انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے قبل فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا، تاہم انجری ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی۔
ان کی عدم موجودگی میں ممکنہ طور پر کامل مشرا وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں۔
کوشال مینڈس رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں عمدہ فارم میں تھے اور 6 میچز میں 39.40 کی اوسط سے 197 رنز بنا چکے ہیں، جس کے باعث ان کی عدم دستیابی سری لنکن بیٹنگ لائن کے لیے بڑا نقصان تصور کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کے اہم اسپنر ونندو ہسارانگا بھی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں، جس سے ٹیم کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔