عمران خان کوجیل میں کیاسہولت دستیاب ہے؟سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ نےعدالت کو بتادیا

عمران خان کوجیل میں کیاسہولت دستیاب ہے؟سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ نےعدالت کو بتادیا
کیپشن: عمران خان کوجیل میں کیاسہولت دستیاب ہے؟سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ نےعدالت کو بتادیا

ویب ڈیسک:اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے بیانات کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔

 تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ذاتی معالج ، اہلیہ سے ملاقات اور بیٹوں سے فون کال پر  بات کرانے سے متعلق درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے کی۔ جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل غفور انجم عدالت میں پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل فیصل چودھری اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے استفسار  کیا کہ یہ درخواست سہولیات سےمتعلق ہے،آپ نے درخواست گزار کو کیا سہولیات دیں؟۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل  نے کہاکہ کیٹیگری بی کے تحت تمام سہولیات دی جا رہی ہیں،ٹی وی ،نیوز پیر دیا جا رہا ہے،ایک باورچی بھی دیا گیا ہے،جیل میں ہفتے میں 2 مرتبہ ملاقات کی اجازت ہے لیکن ہم تین چار مرتبہ بھی ملاقات کروا دیتے ہیں،سزا ہونے سے پہلے بشریٰ بی بی کو ملوایا جاتا تھا،سزا ہونے کے بعد ملاقات کروا دیں گئی۔ 

چیف جسٹس  نے ریمارکس دیئے کہ بچوں سے فون کال پر بات کروانے کی بھی درخواست ہے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل  نے کہاکہ ہم اوورسیز کالز اس لیے نہیں کروا سکتے ہمارے پاس 8 ہزار قیدی ہیں،اگر اجازت دی گئی تو دیگر قیدی اسکو عدالت میں چیلنج کر سکتے ہیں،ہمارے پاس 25 بیرونی ممالک کے قیدی بھی موجود ہیں،اگر ہم بات کرائیں گئے تو ایک ٹرینڈ سیٹ ہو جائے گا،جیل رولز اور حکومت کی جانب سے انٹرنیشنل کالز کی اجازت نہیں،جب قیدی آتا ہے تو اسکو ایک کوڈ دیا جاتا ہے جس سے وہ فون کال کر سکتا ہے،ملاقات تواتر کے ساتھ ہو رہی ہیں جب ٹرائل آ جائے تو ملاقات ملتوی ہو جاتی ہے،ان کے بھی مسائل ہیں بہت لوگ ہیں یہ اور ملنے والا ایک ہے۔

چیف جسٹس  نے ریمارکس دیئے کہ میں اس معاملے میں نہیں پڑنا چاہتا۔

فیصل چودھری نے کہا کہ پرائیویٹ ڈاکٹرز کو بھی ملنے کی اجازت دی گئی تھی۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل  نے کہاکہ اڈیالہ جیل میں صحت کی سہولیات پاکستان میں سب سے بہترین  ہیں، ڈاکٹر روزانہ کی بنیاد چیک اپ کرتے ہیں۔ 

فیصل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 6 اخبارات پڑھنے کی اجازت ہےلیکن 2 اخبارات دیئے گئے ہیں۔  

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل  نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی  عمران خان 16 ٹی وی چینلز دیکھتے ہیں اور انکو 2اخبارات دی گئی ہیں۔ 

عدالت نے ہدایات کے ساتھ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سہولیات فراہم کرنے کی درخواست نمٹا دی۔

Watch Live Public News