ویب ڈیسک: ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کے کیس میں گواہان کو شہادت کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت 4 فروری تک ملتوی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کے کیس میں ملزمہ آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت دیگر ملزمان کیخلاف سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کی۔
مدعی مقدمہ ڈرامہ نگار خلیل الرحمان مقدمہ کی پیروی کیلئے عدالت میں پیش ہوئے،آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت 12 ملزمان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ چالان میں آمنہ عروج سمیت 12 ملزمان کو گناہ گار قرار دیا گیا ہے،ملزمان میں آمنہ عروج،حسن شاہ، تنویر احمد،قیصر عباس، رشید احمد،فلک شیر ،میاں خان،یاسر علی،جاوید اقبال،ذیشان قیوم اور معمون حیدر شامل ہیں۔ملزمان نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے اے ٹی ایم سے 2 لاکھ 87 روپے نکلوائے۔ملزمان نے ڈرامہ نگار سے ایک کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو شہادت کیلئے طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 4 فروری تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ مقدمہ میں 4 گواہان کی شہادت قلمبند ہو چکی ہے۔ملزمان کی مقدمہ سے دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست خارج ہو چکی ہے۔عدالت نے ملزمہ آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت 12 ملزمان پر فرد جرم عائد کر رکھی ہے۔پراسکیوشن نے ملزمان کیخلاف مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرا رکھا ہے،چالان میں آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت 12 ملزمان نامزد ہیں۔