صدر زرداری کی متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری سے ملاقات، پُرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور

صدر زرداری کی متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری سے ملاقات، پُرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور
کیپشن: صدر زرداری کی متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری سے ملاقات، پُرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور

ویب ڈیسک:  صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری اور بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماوں نے مکالمے، شمولیت اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

اس ملاقات میں صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کی قیادت، خصوصاً شیخ محمد بن زاید النہیان کی رواداری اور انسانی اخوت کے حوالے سے بے مثال بصیرت اور کوششوں کو سراہا۔ صدر زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان رواداری اور بقائے باہمی کی اہمیت پر پورے عزم کے ساتھ عمل پیرا ہے۔

صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کے قومی وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک 200 سے زائد قومیتوں کے درمیان اتحاد، احترام اور ہم آہنگی کے فروغ میں کامیابی کی ایک شاندار مثال پیش کرتا ہے۔

اس موقع پر خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے عالمی سطح پر رواداری، بھائی چارے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔

Watch Live Public News