اگر امریکا نے حملہ کیا تو ایران ایسا جواب دے گا جو پہلے کبھی نہیں دیا ہوگا، ایرانی مشن

اگر امریکا نے حملہ کیا تو ایران ایسا جواب دے گا جو پہلے کبھی نہیں دیا ہوگا، ایرانی مشن

(ویب ڈیسک )اقوامِ متحدہ میں ایران کے مشن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا نے حملہ کیا تو ایران ایسا جواب دے گا جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیا گیا ہوگا۔ 

ایرانی مشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ ایران باہمی احترام اور مفادات کی بنیاد پر مذاکرات  کیلئے تیار ہے، لیکن اگر دباؤ ڈالا گیا تو ایران اپنا دفاع کرے گا اور ایسا جواب دے گا جو پہلے کبھی نہیں دیا گیا ہوگا۔

ایرانی مشن نے بیان میں کہا کہ آخری مرتبہ جب امریکا نے عراق اور افغانستان کی جنگ میں کودا تو اسے 7 کھرب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور اس کے 7 ہزار سے زیادہ فوجی مارے گئے۔ 

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدہ کرو یا پھر بدترین حملے کا سامنا کرو۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایک بہت بڑا طیارہ بردار بحری بیڑہ ایران کی طرف بڑھ رہا ہے یہ بڑی طاقت، جوش اور مقصد کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ امید ہے کہ ایران جلد ہی مذاکرات کی میز پر آئے گا  اور ایک منصفانہ اور مساوی معاہدے پر بات چیت کرے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے یہ معاملہ نہایت اہم ہے، میں نے ایران سے پہلے بھی کہا تھا معاہدہ کر لو، ایران نے ایسا نہیں کیا اور پھر آپریشن مڈنائٹ ہیمر ہوا تھا۔ ایران کو معاہدہ نہ کرنے پر بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑا، اگلا حملہ اس سے کہیں زیادہ شدید ہو گا۔ اس لیے ایسا دوبارہ نہ ہونے دیں۔

Watch Live Public News