ہیلمٹ نہ پہننے والے پولیس اہلکاروں کی شامت آگئی، بھاری جرمانے عائد

ہیلمٹ نہ پہننے والے پولیس اہلکاروں کی شامت آگئی، بھاری جرمانے عائد
کیپشن: ہیلمٹ نے پہننے والے پولیس اہلکاروں کی شامت آگئی، بھاری جرمانے عائد

ویب ڈیسک: کراچی میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے ٹریفک پولیس نے کمر کس لی۔ اب پولیس والے بھی چالان سے نہیں بچ سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک پولیس نے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر اپنے پیٹی بند بھائیوں کے چالان کرکے یہ ثابت کر دیا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق ٹریفک پولیس عام عوام کی طرح پولیس اہلکاروں کے بھی بلا تفریق چالان کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ عوام قانون پر عمل کرے جبکہ پولیس اہلکار سرعام قانون کی خلاف ورزی کریں۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ اب تک 24 سے زائد اہلکاروں کو ہیلمٹ نہ پہننے اور ون وے کی خلاف پر بھاری جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔ ان اہلکاروں میں سے 23 کا تعلق ٹریفک پولیس جبکہ ایک کا تعلق ڈسٹرکٹ پولیس سے ہے۔

واضح رہے کہ عوام کی جانب سے یہ شکوہ کیا جا رہا تھا کہ ٹریفک پولیس اُن کا تو فورا چالان کر دیتی ہے لیکن اُن پولیس اہلکاروں کو جانے دیتی ہے جو نہ ہیلمٹ پہنتے ہیں اور نہ ہی ون وے کا خیال رکھتے ہیں۔ عوام کے شکوے کے بعد اب پولیس اہلکاروں کا بھی چالان شروع ہو گیا ہے۔

Watch Live Public News