ویب ڈیسک: ٹروبا میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ تیسرے روز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے ہیں، جس کے ساتھ میزبان ٹیم کی مجموعی برتری 155 رنز تک پہنچ گئی ہے۔
تیسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز 199 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے 109 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد مڈل اور لوئر آرڈر بیٹنگ لائن زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکی۔ سلمان علی آغا 20، محمد رضوان 12، عامر جمال 3 جبکہ علی عثمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ خرم شہزاد نے 19 رنز کی مفید اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 282 رنز تک پہنچایا، جبکہ محمد عباس کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز
29 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی 4 وکٹیں صرف 43 رنز پر گر گئیں۔
بعد ازاں تاگی نارائن چندرپال نے 35 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا، تاہم وہ 80 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ جسٹن گریوز نے 20 جبکہ کپتان روسٹن چیس نے 5 رنز بنائے۔
تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک ویسٹ انڈیز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے تھے اور اس کی مجموعی برتری 155 رنز ہو چکی تھی۔ شیمار جوزف 22 اور کیمار روچ 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 3 جبکہ خرم شہزاد نے2 وکٹیں حاصل کیں۔ چوتھے روز دونوں ٹیموں کی نظریں میچ کے نتیجے پر مرکوز ہوں گی، جہاں پاکستان کو کامیابی کے لیے مؤثر بولنگ اور مضبوط بیٹنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔