عید الاضحی کا دن ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے، تمام اہل ایمان کو عیدالاضحی کی مبارکباد، محسن نقوی

عید الاضحی کا دن ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے، تمام اہل ایمان کو عیدالاضحی کی مبارکباد، محسن نقوی
لاہور: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ عید الاضحی کا دن ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔پرمسرت اور بابرکت دن پر تمام اہل ایمان کو عیدالاضحی کی مبارکباد۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عید الاضحی کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی کا دن مسلمانوں کو ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارااوریتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا حقیقی پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرمسرت اور با برکت دن پر تمام اہل ایمان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے پیارے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ تعالی کے حکم پر قربانی کیلئے پیش کر کے عظیم مثال قائم کی۔ محسن نقوی نے پیغام میں کہا کہ عید قربان پر جھوٹ، منافقت اور غیبت کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔ قیام امن کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کی لازوال قربانیوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔ شہداء کے اہل و عیال کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہماری اجتماعی قومی ذمہ داری ہے۔بحیثیت قوم باہمی رنجشیں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔آج کا دن اپنی ذات کی نفی، ذاتی انا او رمفادات کی قربانی دیکر ایثار، بھائی چارے او راتحاد کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر ہمیں دکھی اور لاچار انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہوگا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔