ویب ڈیسک: بھارت میں ایک آن لائن عدالتی سماعت کے دوران اس وقت غیرمعمولی صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک مدعی نے عدالت میں ٹوائلٹ سے حاضری دی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے اور صارفین کی جانب سے اسے عدالتی آداب کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 20 جون کو جسٹس نرزار ایس دیشائی کی عدالت میں پیش آیا۔ ورچوئل سماعت کے دوران سماد بیٹری نامی شخص نے پہلے خود کو کلوز اپ میں ظاہر کیا، جس میں وہ صرف بلوٹوتھ ایئر فونز پہنے نظر آیا۔ چند لمحوں بعد جب کیمرہ زاویہ بدلا تو انکشاف ہوا کہ وہ ٹوائلٹ میں بیٹھا ہے۔
قانونی ویب پلیٹ فارم بار اینڈ بینچ نے یہ ویڈیو شیئر کی، جس کے بعد یہ کلپ تیزی سے وائرل ہو گیا اور عوامی توجہ کا مرکز بن گیا۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق، یہ شخص اصل مدعی تھا اور کیس ایک ایف آئی آر کے اخراج سے متعلق تھا، جس میں عدالت کو فریقین کے درمیان صلح کی اطلاع دی گئی، جس کے بعد ایف آئی آر خارج کر دی گئی۔
واقعے پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے عدالت کی بے توقیری اور غیر سنجیدہ رویہ قرار دیا۔