ویب ڈیسک: محرم الحرام کے دوران ممکنہ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر وزارت داخلہ نے ملک بھر میں پاک فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کی منظوری وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دی، جس کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں فوجی دستے سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ یہ فیصلہ صوبائی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا ہے، جنہوں نے محرم کے دوران خاص طور پر حساس مقامات پر اضافی سکیورٹی کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے، جس کے مطابق فوج سول انتظامیہ کی مدد کے لیے مقرر کی جا سکتی ہے۔ فوجی اہلکار مقامی پولیس اور رینجرز کے ساتھ مل کر گشت اور نگرانی کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس اضلاع میں سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کو مؤثر بنایا جائے گا، جب کہ انٹرنیٹ سروس کی عارضی بندش پر بھی غور کیا جا رہا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں ماضی میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
وزارت داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم کے دوران مشکوک حرکات یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔