ویب ڈیسک: (شکیل خٹک) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) نے جونیئر مینز ہاکی ورلڈ کپ 2025 کے ڈراز جاری کر دیے ہیں، جس کے مطابق پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ ’بی‘ میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ 28 نومبر سے 10 دسمبر تک بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہروں چنئی اور مدورائے میں کھیلا جائے گا۔
ڈراز کی تقریب سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزین میں منعقد ہوئی جہاں 24 ٹیموں کو چھ مختلف گروپس (پولز) میں تقسیم کیا گیا۔ گروپ بی میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ چلی اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں 24 ممالک حصہ لے رہے ہیں۔ ایف آئی ایچ کے صدر ڈاکٹر طیب اکرام کے مطابق ٹورنامنٹ کو وسعت دینا فیڈریشن کی اس حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد ابھرتے ہوئے ممالک کو زیادہ مواقع فراہم کرنا اور نوجوان کھلاڑیوں کو بااختیار بنانا ہے۔
ورلڈ کپ میں موجودہ چیمپئن جرمنی اپنی ٹائٹل کا دفاع کرے گا جبکہ ایونٹ میں کئی نئی ٹیموں کی شرکت سے مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔