پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں بہتری،ٹاپ 100 میں شامل

پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں بہتری،ٹاپ 100 میں شامل
کیپشن: پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں بہتری،ٹاپ 100 میں شامل

ویب ڈیسک: ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے سال 2025 کی عالمی درجہ بندی جاری کر دی ہے، جس میں پاکستانی پاسپورٹ نے بتدریج بہتری کے بعد 100ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

یاد رہے کہ 2021 میں پاکستان کا پاسپورٹ 113ویں نمبر پر تھا، یوں یہ پیش رفت پاکستان کے عالمی سفارتی تعلقات میں بہتری کی غماز ہے۔

تازہ پیش رفت کے مطابق، پاکستان اور متحدہ عرب امارات (UAE) کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو سفر کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس سہولت سے بین الاقوامی سفر مزید آسان اور سفارتی تعلقات مستحکم ہوں گے۔

ہینلے انڈیکس کے مطابق، پاکستانی شہریوں کو 32 ممالک میں ویزا فری داخلے کی سہولت دستیاب ہے، جو کہ ایک اہم سفارتی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔

اس کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی نے پاکستانی عوام کو مبارکباد دی اور اس پیش رفت کا سہرا وزیر داخلہ محسن نقوی اور سیکریٹری داخلہ کے تعاون کو دیا۔

ڈی جی پاسپورٹس نے مزید بتایا کہ پاکستان میں ای-پاسپورٹ متعارف کروا دیا گیا ہے، جس میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جبکہ مستقبل قریب میں تمام ائرپورٹس پر ای گیٹس کی سہولت بھی فعال کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو آن لائن پاسپورٹ سروسز بھی فراہم کی جا رہی ہیں اور جلد ہی ایک ایسی ایپ متعارف کرائی جائے گی جس کے ذریعے گھر بیٹھے پاسپورٹ بنوانا ممکن ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ "پاسپورٹ آسان فیس ایپ" کے ذریعے فیس چند سیکنڈز میں ادا کی جا سکتی ہے، جبکہ پاسپورٹ بیگ لاگ (بیک لاگ) اب مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پاسپورٹس نے یقین دلایا کہ وزارت داخلہ کے تعاون سے پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری لانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Watch Live Public News