ویب ڈیسک: لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت ختم کر دی گئی ہے تاہم یہ سہولت پرائیوٹ ہسپتالوں میں جاری رہے گی۔
چیف ایگزیکٹیو افسر لاہور نے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس بند کی جا رہی ہے البتہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا اسپیشل انیشیٹیو موجودہ پالیسی کے مطابق جاری رہے گا۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ بقایاجات رکھنے والے سرکاری ہسپتال 30 جون تک تفصیلات جمع کروا دیں، اس کے بعد اسٹیٹ لائف انشورنس بقایاجات ادا نہیں کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب ہیلتھ انسٹیٹیوٹ منیجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر ڈاکٹر علی رزاق نے موقف اپنایا ہے کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں پہلے ہی مفت طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے، سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹر ہیلتھ کارڈز کے ذریعے آپریشن کے پیسے نہیں لے سکتے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کارڈ اب صرف پرائیویٹ ہسپتالوں میں استعمال کیا جا سکے گا جہاں مریضوں کو علاج کے لیے 50 فیصد رقم خود ادا کرنی ہوگی۔