ویڈیو: میانمار، تھائی لینڈ میں 7.7 شدت کا زلزلہ، عمارتیں منہدم ، متعدد افراد  ہلاک

ویڈیو: میانمار، تھائی لینڈ میں 7.7 شدت کا زلزلہ، عمارتیں منہدم ، متعدد افراد  ہلاک

(ویب ڈیسک ) میانمار اور تھائی لینڈ آج دوپہر شدید زلزلے سے لرز اٹھے جس کے نتیجے متعدد افر کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ 

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق   زلزلے سے میانمار اور تھائی لینڈ میں عمارتیں اور پل زمیں بوس ہوگئے جبکہ بینکاک میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے بھی بڑے جانی نقصان کا خدشہ ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر منڈالے سے 17.2 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق   میانمار کے شہر ٹاؤنگو میں ایک مسجد کے جزوی طور پر منہدم ہونے سے کم از کم 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ آنگ بان میں ایک ہوٹل کے گرنے سے کم از کم 2 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔ 

سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ   زلزلے سے پانچ شہروں اور قصبوں میں عمارتیں منہدم ہوگئیں، جبکہ یانگون-منڈالے ایکسپریس وے پر دو پل بھی گرگئے۔ 

میانمار کی فوجی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

ادھر تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے گورنر  کا کہنا ہے کہ   زلزلے کے نتیجے میں تھائی لینڈ میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تھائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنسی میڈیسن کے مطابق بنکاک میں زیر تعمیر فلک بوس عمارت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ درجنوں مزدوروں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔

  تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم  کا کہنا ہے کہ  اب بھی 81 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ 

خوفناک زلزلے کے بعد  حکام نے بنکاک کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا  اور لوگوں کے آفٹر شاکس  سے محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی۔

Watch Live Public News