(ویب ڈیسک ) نتاشہ رحمان: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے مشاورتی اجلاس طلب کرلیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف پارٹی صدر کا عہدہ سنبھالتے ہی متحرک ہوگئے، نواز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے مشاورتی اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کل صبح 11 بجے جاتی امرا رائیونڈ میں ہو گا، اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف اور پارٹی صدر نواز شریف مشترکہ طور پر کرینگے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزراء، پارٹی کی سینئر قیادت کی شرکت متوقع ہے جبکہ اجلاس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی شرکت کا بھی امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں وفاقی و صوبائی سطح پر عوام کو پر ممکن ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات بارے تجاویز لی جائیں گی،اجلاس میں شرکت کرنے والے وفاقی وزرا کو اپنے اپنے محکموں کی جانب سے ممکنہ ریلیف اقدامات کی تجاویز ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کے علاوہ پارٹی قائدین کو عوامی مشاورت سے ممکنہ ریلیف بارے اپنی اپنی تجاویز تیار کروا کر ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور وزیر بجلی اویس لغاری کی شرکت متوقع ہے۔ وفاقی وزرا رانا تنویر، جام کمال، احد چیمہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی بھی شرکت کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف بجٹ مشاورتی اجلاس میں اپنے وسیع تر سیاسی و انتظامی تجربے کی بنیاد پر ہدایات بھی جاری کرینگے، نواز شریف کی کل کے اجلاس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپور ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت بھی کی جائے گی۔