یومِ تکبیرکےموقع پرصدر اور وزیراعظم کے قوم کے نام خصوصی پیغامات

یومِ تکبیرکےموقع پرصدر اور وزیراعظم کے قوم کے نام خصوصی پیغامات
کیپشن: یومِ تکبیرکےموقع پرصدر اور وزیراعظم کے قوم کے نام خصوصی پیغامات

ویب ڈیسک: پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 27 سال مکمل ہونے پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو یومِ تکبیر کی مبارکباد دی ہے اور اس دن کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

آج 28 مئی کو ملک بھر میں یومِ تکبیر قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، جب 1998 میں پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں پانچ کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے خود کو دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی قوت کے طور پر منوایا۔ ان دھماکوں کا مقصد بھارت کے جوہری تجربات کا بھرپور جواب دینا تھا۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر ہمارے لیے قومی خودمختاری اور دفاع کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت کا حصول صرف تکنیکی کامیابی نہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک سوچا سمجھا فیصلہ تھا۔ انہوں نے سائنس دانوں، فوجی و سول قیادت، اور ایٹمی پروگرام میں شامل تمام افراد کو سلام پیش کیا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے یومِ تکبیر پر اس عزم کی تجدید کی کہ قومی سلامتی، دفاع اور وقار کی حفاظت ہر حال میں کی جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے اللہ کے فضل سے حالیہ معرکۂ حق میں کامیابی حاصل کی ہے اور آج یومِ تکبیر ایک اور تاریخی تناظر میں منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1998 میں نواز شریف نے عالمی دباؤ، معاشی پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود ملک کے مفاد کو ترجیح دی اور ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا، جس نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ چاغی کے پہاڑوں سے بلند ہونے والی "اللہ اکبر" کی صدا آج بھی قومی وحدت اور دفاعی عزم کی علامت ہے۔ شہباز شریف نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنس دانوں، انجینئرز اور افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ جوہری اثاثوں کے تحفظ میں ہماری مسلح افواج کا کردار قابلِ فخر ہے۔

ملک بھر میں آج عام تعطیل ہے اور مختلف شہروں میں یومِ تکبیر کی مناسبت سے تقریبات، تقاریر اور ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جہاں وطن کے محافظوں کو سلام پیش کیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News