(ویب ڈیسک ) تولی پیر کے علاقے میں پولیس کی گاڑی کو حادثہ، حادثے میں پولیس کے پانچ افسران و اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی گاڑی گہری کھائی میں جا گری ۔ حادثے میں پولیس کے پانچ افسران و اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے۔افسوسناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں میں انسپکٹر علی احمد بخاری، انسپکٹر یاسر عرفات، انسپکٹر نوید احمد شامل ہیں۔ ڈی آئی جی آفس میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذاکر حسین اور اکاؤنٹنٹ محمد فہیم بھی حادثے جاں بحق ہوگئے ہیں ۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر کا افسوس کا اظہار:
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے ٹریفک حادثے میں پانچ پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ڈی آئی جی پونچھ کو حادثہ کی فوری انکوائری کا حکم دیدیا ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار ،شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے انتظامیہ کو امدادی کارروائیوں کو بروقت انجام دینے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم آزادکشمیر کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر اور ایس پی موقع پر پہنچ گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اظہار افسوس:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے باغ میں وین کھائی میں گرنے سے 5 پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔انہوں نے جاں بحق پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل عطافرمائے ۔