سپریم کورٹ ججز کا فل کورٹ اجلاس  کا اعلامیہ جاری ،جسٹس منصور کی تجاویز پر غور

سپریم کورٹ ججز کا فل کورٹ اجلاس  کا اعلامیہ جاری ،جسٹس منصور کی تجاویز پر غور

(ویب ڈیسک ) سپریم کورٹ آف پاکستان  ججز کا فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ   فل کورٹ اجلاس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی  کی صدارت میں منعقد ہوا، فل کورٹ اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ سمیت تمام معزز جج صاحبان نے شرکت کی، جسٹس منصور علی شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق  اجلاس سپریم کورٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے، مقدمات کو نمٹانے کے لیے بلایا گیا تھا، فل کورٹ اجلاس میں بیک لاگ کو کم کرنے اور عدالتی کارکردگی کو بڑھانے کے اقدامات پر توجہ دی گئی،  رجسٹرار سپریم کورٹ نے موجودہ کیس بوجھ کا ایک جائزہ فراہم کیا۔

اعلامیے میں  کہا گیا ہے کہ اجلاس میں مقدمات کے بروقت فیصلے کے لیے اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا،رجسٹرار سپریم کورٹ نے مقدمات کے بیک لاگ کے تازہ ترین اعدادوشمار پیش کیے، سپریم کورٹ میں اس وقت 59,191 مقدمات زیر التوا ہیں۔

جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ   جسٹس منصور علی شاہ کے تیار کردہ کیس مینجمنٹ پلان 2023 پر مبنی ایک ماہ کا نیا منصوبہ متعارف کرایا، معزز ججز نے کیس مینجمنٹ پلان کا جائزہ لیا،  پلان کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے متعدد حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،   فوجداری اور دیوانی مقدمات خصوصی دو اور تین رکنی بنچوں کو مختص کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق   جسٹس  منصور علی شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرتے ہوئے اضافی تجاویز پیش کیں، مقصد کیس کے بیک لاگ کو کم کرنا اور ابتدائی طور پر ایک ماہ کے لیے طریقہ کار کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا  کہ   چیف جسٹس نے تمام ججز کا شکریہ ادا کیا،2 دسمبر 2024 کو طے شدہ فل کورٹ میٹنگ کے اگلے سیشن میں پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

Watch Live Public News