ویب ڈیسک: آئی سی سی کے سابق میچ ریفری کرس براڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بھارت نوازی کا پول کھول دیا۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف سے بات کرتے ہوئے آئی سی سی کے سابق میچ ریفری کرس براڈ نے کہا کہ ان سے کہا گیا کہ وہ بھارت کے خلاف ضابطہ اخلاق کے معاملے پر ہاتھ ہلکا رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک میچ میں بھارتی ٹیم 4 اوورز پیچھے تھی، سلو اوور ریٹ یقینی تھا، مجھے فون آیا اور کہا گیا کہ کوئی حل نکالیں، ہاتھ ہلکا رکھیں، کیونکہ یہ بھارت ہے۔
کرس براڈ کے مطابق فون کال کے بعد میں نے بھارتی ٹیم کی مدد کی۔ اگلے میچ میں سورو گنگولی نے بھی یہی حرکت کی اور آفیشلز کی ایک نہ سنی، جب میں نے پوچھا کہ ایسا دوبارہ ہوا ہے، اب کیا کریں تو کہا گیا کہ صرف گنگولی کو سزا دو۔
آئی سی سی کے سابق میچ ریفری کرس براڈ کا کہنا ہے کہ کھیل میں بہت سیاست ہوتی ہے، اب لوگ سیاسی پیچیدگی کو سمجھ کر فیصلے کرتے ہیں، سارا پیسہ بھارت کے پاس ہے، اس نے عملی طور پر آئی سی سی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
کرس براڈ نے کہا کہ وہ مطمئن ہیں کہ اب آئی سی سی میچ آفیشلز کا حصہ نہیں کیونکہ یہ بہت سیاسی پوزیشن بن چکی ہے۔