ویب ڈیسک: وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ اور سیکرٹری تعلیم زاہد علی عباسی نے نجی سکولوں کا 10 فیصد فری شپ آڈٹ کرانے کی ہدایت کی۔
سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے فیصلے کی روشنی میں آڈٹ کی ہدایت کی گئی ہے جس کے لیے پہلے مرحلے میں سندھ بھر کے 6 رینجز کے اسکولوں کو لیٹر جاری کیے گئے ہیں۔ ایک سے زائد برانچ والے تمام سکولوں کا ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔
ضلعی کمیٹیاں 15 دن کے اندر اسکولوں کا دورہ کریں گی اور فری شپ کا مکمل آڈٹ کریں گی جس کی آڈٹ رپورٹ سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ کو پیش کی جائے گی۔
سندھ ہائی کورٹ نے ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن کو 10 نومبر کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔ 10 فیصد فری شپ پر عمل درآمد نہ کرنے والے اسکولوں کی رجسٹریشن معطل یا منسوخ کردی جائے گی۔
دوسرے مرحلے میں صوبے بھر کے سکولوں میں 2 فیصد فری شپ فراہمی کا آڈٹ کیا جائے گا۔ آڈٹ ٹیموں کے ساتھ تعاون نہ کرنے والے سکولوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔