ویب ڈیسک:اطالوی فٹبال کلب انٹر میلان کے گول کیپر جوسیپ مارٹینیز کے ساتھ ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں اُن کی گاڑی سے ٹکرا کر81 سالہ بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا۔
اطالوی پولیس کے مطابق، یہ واقعہ منگل کی صبح صوبہ کومو (Como) میں پیش آیا، جب جوزپ مارٹینیز کی کار ایک الیکٹرک وہیل چیئر پر سوار شخص سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اس وقت ہوا جب وہیل چیئر اچانک سڑک پر آگئی۔
پولیس کے مطابق ’انٹر میلان کے گول کیپر جوسیپ مارٹینیز کی گاڑی نے ایک ایسے شخص کو ٹکر ماری جو الیکٹرک وہیل چیئر پر سائیکل ٹریک کے قریب سفر کر رہا تھا۔‘
27 سالہ اسپین کے کھلاڑی نے فوری طور پر گاڑی روکی اور زخمی شخص کی مدد کی کوشش کی، تاہم امدادی ٹیموں کے پہنچنے سے پہلے ہی بزرگ شخص کی موت واقع ہو چکی تھی۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق وہیل چیئر ممکنہ طور پر اچانک سڑک کی طرف مڑ گئی تھی، جس کے باعث حادثہ پیش آیا، حادثے کے بعد انٹر میلان نے بدھ کو ہونے والے سیری اے (Serie A) میچ سے قبل طے شدہ پریس کانفرنس منسوخ کر دی۔
تاہم کلب کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔