(ویب ڈیسک) اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
ارجنٹینا کے لیجنڈری فٹبالر لیونل میسی نےانٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ تھا، لیکن اب وہ سمجھتے ہیں کہ یہ درست وقت ہے۔
میسی نے انسٹاگرام پر اپنے بیان میں کہا، "میں نے ہمیشہ اس جرسی کے لیے اپنا سب کچھ دیا، صرف ان چند سالوں میں نہیں جب ہم نے سب کچھ جیتا، بلکہ اس سے پہلے بھی۔ میں نے ہمیشہ ارجنٹینا کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، تاکہ آپ کو خوشی ملے اور فٹبال کے ذریعے آپ کو ارجنٹائنی ہونے پر فخر محسوس ہو۔"
انہوں نے کہا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے، کئی باب اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں اور قومی ٹیم سے رخصتی بھی ایسا ہی ایک باب ہے جو انہیں اندر سے گہرا دکھ دے رہا ہے۔
میسی نے مزید کہا، "مجھے قومی ٹیم کا حصہ بننا ہمیشہ پسند تھا اور ہمیشہ پسند رہے گا۔ میں نے اپنا سب کچھ دے دیا ہے، میرے پاس دینے کے لیے مزید کچھ نہیں۔ اس کے علاوہ کچھ بہترین نوجوان کھلاڑی آگے آ رہے ہیں جو قومی ٹیم میں جگہ کے مستحق ہیں۔"
ارجنٹائن کے اسٹار نے گزشتہ 20 برسوں کے دوران ملنے والی محبت اور حمایت پر شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ میدان کے اندر سے نہیں بلکہ باہر سے اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
انہوں نے اپنے خاندان، تمام کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور مینیجرز کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے ساتھ اس سفر کی ناقابلِ فراموش یادیں اور لمحات لے کر جا رہے ہیں۔
میسی نے کہا، "مجھے اس بات کا سکون اور فخر ہے کہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر میں نے آپ کو کچھ ایسے لمحات دیے جو خواب جیسے تھے۔ آپ سب کے ساتھ یہ سفر شیئر کرنا ناقابلِ یقین تھا۔ میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں۔"
اپنے پیغام کے اختتام پر میسی نے لکھا، "خدا کا شکر ہے کہ اس نے مجھے ارجنٹائنی بنایا۔ گو ارجنٹینا!"
میسی نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے یہ الفاظ 21 جولائی، فائنل کے دو روز بعد لکھے تھے، تاہم اپنے والد کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد وہ اپنے فیصلے کے حوالے سے پہلے سے بھی زیادہ پُراعتماد ہیں۔
خیال رہے کہ لیونل میسی نے بطور کپتان ارجنٹینا کو 2022 میں فیفا ورلڈ کپ جتوایا تھا تاہم ارجنٹینا کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ2026 میں ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔