طالبان کا افغانستان میں ’ظاہر شاہ کا آئین‘ نافذ کرنے کا اعلان

طالبان کا افغانستان میں ’ظاہر شاہ کا آئین‘ نافذ کرنے کا اعلان
ویب ڈیسک: افغانستان میں دنیا بھر کی نظریں وہاں بننے والے نئے سیٹ اپ پر ٹکی ہوئی ہیں۔ اس حوالے سے ایک انتہائی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ طالبان کی جانب سے سابق افغان بادشاہ ظاہر شاہ کا آئین عارضی طور پہ نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ افغان سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق افغانستان میں قائم ہونے والی عبوری حکومت کی وزارت انصاف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق بادشاہ ظاہر شاہ کے آئین کا افغانستان میں عارضی طور پر نفاذ کیا جائے گا۔ ساتھ یہ وضاحت بھی دی کی گئی ہے کہ ظاہر شاہ دور کا آئین عارضی طور پر نافذ تو کیا جائے گا تاہم اس میں موجود شریعت سے متصادم قوانین کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ اس حوالے سے سامنے آنے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزارت انصاف کے عبوری وزیر عبدالحکیم اور چینی سفیر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں عبدالحکیم کی جانب سے بتایا گیا کہ طالبان حکومت جلد ہی اس آئین کو عارضی طور پر نافذ کر دے گی۔ یاد رہے کہ ظاہر شاہ افغانستان کے سب سے طویل دور تک بادشاہ رہنے والے حکمران تھے جن کا دورِ بادشاہی 1933 سے 1973 تک پھیلا ہوا ہے۔ ظاہر شاہ کا انتقال 2007 میں ہوا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔