غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کیخلاف پوری قوت کے ساتھ کاروائیاں جاری رکھیں، آرمی چیف

غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کیخلاف پوری قوت کے ساتھ کاروائیاں جاری رکھیں، آرمی چیف
لاہور: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کیخلاف پوری قوت کے ساتھ کاروائیاں جاری رکھیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا، آرمی چیف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی بھی شریک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آرمی چیف کو صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف کو بجلی، گیس چوری، ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف کو غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق اجلاس کے شرکاء کو اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، اجلاس کو کچے کے علاقے میں جاری آپریشنز کی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، فورم نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کاروائیاں جاری رکھیں، غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کاروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطا بق فورم کو ایس آئی ایف سی اور گرین پنجاب کے اقدامات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا، آرمی چیف نے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف کی لاہور آمد پر کورکمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔