سابق سینیٹر مشتاق احمد نے اپنی شہادت کی خبروں پر ویڈیو پیغام جاری کر دیا

سابق سینیٹر مشتاق احمد نے اپنی شہادت کی خبروں پر ویڈیو پیغام جاری کر دیا
کیپشن: سابق سینیٹر مشتاق احمد نے اپنی شہادت کی خبروں پر ویڈیو پیغام جاری کر دیا

ویب ڈیسک: جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما اور سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنی شہادت کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں خیریت سے ہوں۔

تفصیلات کے مطابق رہنما جماعت اسلامی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ کچھ دوستوں کی مدد سے یہ بات پتا چلی ہے کہ پاکستان میں میری شہادت کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہادت کی موت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔ لیکن میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ مجھے اُس وقت تک شہادت نہ دے جب تک میں غزہ کو اپنی آنکھوں سے نہ دیکھ لوں، اسرائیل کا خاتمہ نہ دیکھ لوں اور جب تک مجھے مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کرنا نصیب نہ ہو۔

واضح رہے کہ مشتاق احمد پُرامن گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل ہیں یہ بحری جہاز غزہ کی جانب رواں ہے جس کا بنیادی مقصد اسرائیلی محاصرہ توڑ کر مظلوم فلسطینیوں تک خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء پہنچانا ہے۔ چھوٹے بحری جہازوں پر مشتمل قافلے میں 44 ممالک کے انسانی حقوق کے کارکن، سیاستدان و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سوار ہیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سابق سینیٹر نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ آواز اٹھائیں، قدم بڑھائیں اور حکومت کو گلوبل صمود فلوٹیلا کو تحفظ دینے کیلئے بھرپور مہم چلائیں، ہمارا پُرامن انسانی امدادی کاروان ہے۔

Watch Live Public News