(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے امدادی سامان وصول کیا اور چینی جہاز عملے کو خوش آمدید کہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے چین کی جانب سے امدادی سامان کے دو جہاز پاکستان پہنچ گئے،دو پروازوں کے ذریعے 300 خیمے اور 9 ہزار کمبل چین سے نور خان ایئر بیس پہنچا دیے گئے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے امدادی سامان وصول کیا اور چینی جہاز عملے کو خوش آمدید کہا جبکہ تقریب میں پاکستان میں چینی سفیر نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ چین کی بروقت امداد پاک چین لازوال دوستی کی عکاس ہے۔وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق حکومتی ادارے اور این ڈی ایم اے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں، چین نے کبھی بھی مشکل وقت میں پاکستان کو اکیلا نہیں چھوڑا۔