ویب ڈیسک: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی یکم مئی کی تعطیل کا اعلان کردیا، تمام بینکس اور مالیاتی ادارے یکم مئی 2025 کو بند رہیں گے۔
تفصیلات کےمطابق حکومت پاکستان نے یکم مئی 2025 کو یوم مزدور کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے ، اسٹیٹ بینک نے بھی یکم مئی کو چھٹی کا اعلان کیا جبکہ تمام بینکس اور مالیاتی ادارے یکم مئی 2025 کو بند رہیں گے۔
قبل ازیں سندھ حکومت نے جمعرات یکم مئی کو محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر صوبہ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا۔
سندھ حکومت کے اعلامیے کے مطابق جمعرات یکم مئی کو صوبہ بھر کے سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے جبکہ تمام تعلیمی ادارے بشمول اسکول، کالجز اور جامعات بھی تعطیل کے باعث بند ہوں گے۔
یاد رہے کہ عالمی یومِ مزدور ہر سال یکم مئی کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے، جس کا مقصد محنت کشوں کے حقوق کو اجاگر کرنا، ان کی خدمات کو سراہنا اور ان کے لیے بہتر کام کرنے کے حالات کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
پاکستان میں بھی اس دن کی خصوصی اہمیت ہے، کیونکہ یہ ملک بھر کے محنت کشوں کی جدوجہد، قربانیوں اور کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔