آئی ٹی کےشعبہ میں  بیرونی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، وزیر اعظم 

آئی ٹی کےشعبہ میں  بیرونی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، وزیر اعظم 

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ  آئی ٹی کےشعبہ میں  بیرونی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی،  شعبہ میں  70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری  نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے میں معاون ثابت ہو گی۔

ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ  انویسٹمنٹ کانفرنس    سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے   دنیا بھر سے ڈیجیٹل مندوبین   کا  کانفرنس میں  خیرمقدم کرتےہوئے کہا کہ 11 سے زیادہ دوست   ممالک کے آئی ٹی وزرا ء، ڈپٹی وزراء اور آئی ٹی ماہرین کو  پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

  وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا آج تمام شعبوں میں غیر معمولی  اثر رکھتی ہے۔ دودہائیوں کی نسبت  آج کی ڈیجیٹل دنیا یکسر تبدیل ہو چکی ہے۔ ہم نے  پنجاب میں اپنی وزارت اعلیٰ کے دور میں میرٹ پر  نوجوانوں میں 4 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ ورلڈ بینک  کے پروگرام کے تحت  دیہی معیشت  بالخصوص ایگریکلچرسٹ  کو ڈیجیٹائز کیاگیا ۔

انہوں نے کہا کہ   پاکستان کی 60 فیصد  آبادی  نوجوانوں پر مشتمل ہے  جو   ڈیجیٹل دنیا میں   دستیاب بڑے مواقع   سے استفادہ کر سکتے ہیں۔  پاکستانی نوجوان بہت باصلاحیت ہیں  اور وہ   پاکستان  سمیت دنیا بھر میں  نمایاں خدمات  سر انجام دے رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ  مارچ  میں  4 ارب  10 کروڑ ڈالر  کی  ترسیلات زر پاکستان بھجوائی گئیں جو پاکستان کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ کانفرنس کے شرکا  کے تعاون اور  رہنمائی سے ہم اس قابل ہو جائیں گے کہ  آئی ٹی کے شعبہ میں دنیا میں نمایاں مقام حاصل کریں ۔ ہم   پہلے ہی  اس شعبے میں بڑے پیمانے پر  وفاقی اور صوبائی سطح پر آئی ٹی پارکس ، انکیوبیشن سینٹر ، تحقیق و ترقی کے مراکز اور تربیت  سمیت مختلف منصوبوں پر عمل پیر اہیں۔ دنیا کی بہترین کمپنی کے ساتھ مل کر  پاکستان کے پہلے سیف سٹی  لاہور کے منصوبے    کو عملی جامہ پہنایا گیاہے۔ چین کی کمپنی ہواوے کے ساتھ مل کر سالانہ 2لاکھ  طلباء و طالبات کو ہنرمندی کی تربیت دے رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے   تمام  سرمایہ کاروں  اور نارتھ امریکا سمیت  دیگر  کی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ زراعت  کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے  ،  برآمدات بڑھانے  ، صنعت کے فروغ  اور پاکستان میں  مفید روزگار  کو فروغ دینے  کے حوالے سے  ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں کئے گئے اعلانات  اور عزم   حوصلہ افزاء ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر  پاکستان میں اپنےروسی شراکت دار کے ہمراہ    50 کروڑ ڈالر  کی سرمایہ کاری   کرنے کااعلان کرنے والی پاکستانی شخصیت کو  خصوصی طور خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے دیگر  کاروباری شخصیات کی جانب سے مجموعی طور پر 70 کروڑ ڈالر کے اعلانات کا بھی بھرپور خیرمقدم کیا۔  

انہوں نے   ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل  دیماالیحییٰ سمیت دیگر مہمانو ں کا خصوصی شکریہ ادا کرتےہوئے تمام شرکا کو پاکستان  میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ذاتی طور پر رہنمائی اور کوشش کریں گے۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ غیر متزلزل اور انتھک کاوشوں  سے پاکستان  آئی ٹی کے شعبہ میں دنیا کی صف میں کھڑاہوگا۔

Watch Live Public News