ویب ڈیسک: صومالی بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے بحری جہاز پر موجود 11 پاکستانی عملے کی بازیابی تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔
کراچی کے رہائشی سیکنڈ انجینئر سید حسین یوسف کے اہل خانہ شدید کرب اور بے چینی کا شکار ہیں، جن کا آخری رابطہ 21 اپریل کو ہوا تھا۔ سید حسین یوسف کی چھوٹی بیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف سے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا، "شہباز انکل! میرے پاپا کو واپس لے کر آئیں، میرا والد اس ملک کا بیٹا ہے، اسے مجھے صحیح سلامت واپس لا کر دیں۔"
حسین یوسف کی اہلیہ نے میڈیا کو بتایا کہ عملے سے رابطہ منقطع ہے اور انہیں شدید ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے فوری عملی اقدامات کا مطالبہ کیا اور خبردار کیا کہ بصورت دیگر کوئی بڑا جانی نقصان ہو سکتا ہے۔