واٹس ایپ کا صارفین کیلئےاپنی انکرپٹڈ کلاؤڈ اسٹوریج متعارف کرانے کا فیصلہ

واٹس ایپ کا صارفین کیلئےاپنی انکرپٹڈ کلاؤڈ اسٹوریج متعارف کرانے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے صارفین کے لیے اپنے انکرپٹڈ کلاؤڈ اسٹوریج کو متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ فی الحال چیٹ بیک اپ کے لیے اینڈرائیڈ صارفین گوگل ڈرائیو جبکہ آئی فون صارفین آئی کلاؤڈ استعمال کرتے ہیں، مگر جلد ایک نیا متبادل بھی دستیاب ہوگا۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق   واٹس ایپ ایک ایسے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنی چیٹس کو براہِ راست کمپنی کے اپنے کلاؤڈ اسٹوریج میں محفوظ کر سکیں گے، اور یہ بیک اپ مکمل طور پر انکرپٹڈ ہوگا۔ اس فیچر کی آزمائش اس وقت اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر بیٹا ورژن میں جاری ہے۔

نئے نظام کے تحت اینڈرائیڈ صارفین کے پاس بیک اپ کے لیے دو آپشنز ہوں گے: گوگل ڈرائیو یا واٹس ایپ کا ذاتی کلاؤڈ اسٹوریج۔ کمپنی کی جانب سے ابتدائی طور پر 2 جی بی مفت اسٹوریج فراہم کی جائے گی۔

اگرچہ واٹس ایپ میں پیغامات کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن پہلے سے اِن ایبل  ہوتی ہے، لیکن بیک اپ کے لیے صارفین کو یہ فیچر خود اِن ایبل کرنا پڑتا ہے۔ جب یہ فیچر اِن ایبل ہو جائے تو بیک اپ ڈیٹا تک کسی کی بھی رسائی ممکن نہیں رہتی، حتیٰ کہ خود واٹس ایپ کی بھی نہیں۔

یہ سیٹنگ واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر چیٹس اور پھر چیٹ بیک اپ کے آپشن میں دستیاب ہوتی ہے، جہاں اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ بیک اپ کو فعال کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، واٹس ایپ کے اپنے کلاؤڈ اسٹوریج میں تمام ڈیٹا پہلے سے ہی ڈیفالٹ طور پر انکرپٹڈ ہوگا۔

مزید یہ کہ کمپنی مستقبل میں 50 جی بی اسٹوریج صرف 1 ڈالر ماہانہ کے عوض فراہم کرنے کا منصوبہ بھی رکھتی ہے۔ چونکہ یہ فیچر ابھی بیٹا مرحلے میں ہے، اس لیے یہ واضح نہیں کہ اسے تمام صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔

Watch Live Public News