شہباز گل کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ ، کل سنایا جائےگا

شہباز گل کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ ، کل سنایا جائےگا
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کی درخواست ضمانت کیس میں عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ، جو کل سنایا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کی درخواست ضمانت کیس میں پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بغاوت واضح طور پر کی گئی ہے، ملزم شہباز گل کے الفاظ کسی بھی طرح قابل معافی نہیں ہے۔ اسلام آباد کی عدالت میں رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پاک آرمی کے افسران کے خلاف منظم طریقے سے ملزم نے بات کی، اس کے الفاظ نے پاک فوج میں بغاوت کی کوشش کی، شہباز گل نے پاک فوج کو سیاست میں ملوث کرنے کی کوشش کی۔ پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے دلائل میں کہا کہ ملزم کے بیان سے سپاہی سے بریگیڈیئر رینک تک افسران کے جذبات مجروح ہوئے، بغاوت پر اکسانے کی کوشش کرنا بھی بغاوت کے زمرے میں آتا ہے، افسران کو حکم نہ ماننے کا کہنا ادارے میں بغاوت کی کوشش تھی۔ رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر کا مواد تمام امور کو دیکھ کر لکھا گیا، ملزم شہباز گل کے الفاظ کسی بھی طرح قابل معافی نہیں۔ عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کے دلائل مکمل ہونے کے بعد شہبازگل کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔عدالت نے حکم نامے میں‌کہا ہے کہ فیصلہ کل صبح 11 بجے سنایا جائے گا.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔